Saturday, August 28, 2021

سب سے بڑا بے وقوف


سب سے بڑا بے وقوف

کسی زمانے میں ایک بادشاہ ہوتا تھا ۔۔۔ اُس کی ریاست میں بے وقوفوں کی کمی نہیں تھی ۔ بادشاہ نے ایک دن اپنے وزیر سے کہا کہ کیوں نہ بے وقوفوں کا مقابلہ کروایا جائے اور جو سب سے بڑا بے وقوف نکلے اُسے انعام دیا جائے گا ۔۔۔ 

ریاست میں سے بے وقوفوں کو اکٹھا کیا گیا اور مقابلہ رکھا گیا ۔۔۔ مقابلے میں ایک سے بڑھ کر ایک بے وقوف شخص موجود تھا ۔۔۔ بے وقوفوں نے مقابلے میں اپنی بے وقوفیوں سے سب کو محظوظ کیا اور اس طرح مقابلہ اپنے انجام کو پہنچا ۔۔ مقابلہ آخر کار ایک بے وقوف نے جیت لیا جو سب سے بڑا بے وقوف نظر آرہا تھا ۔۔۔ 

بادشاہ نے اُسے سونے کا تمغہ انعام کے طور پر دیا جسے وہ بے وقوف ہر وقت اپنے گلے میں لٹکائے پھرتا اور لوگوں کے بتاتا پھرتا کہ میں نے مقابلہ جیتا ہے ۔۔۔ دن گزرتے رہے لوگ اپنے اپنے کاموں میں مگن ہوگئے ۔۔۔ لوگ بے وقوف کو بھی بھول گئے اور بادشاہ بھی ریاست کے معاملات میں مشغول ہوگیا ۔۔ 

چند دن کے بعد بادشاہ کی طبیعت ناساز ہوگئی بادشاہ کا آخری وقت قریب آگیا بادشاہ نے اپنے وزیر کو اپنے پاس بلالیا اور اُس بے وقوف کو بلانے کا کہا جس کو بادشاہ نے انعام سے نوازا تھا ۔۔ بادشاہ چاہتا تھا کہ بے وقوف کی باتوں سے دل کو بہلایا جائے ۔۔۔ 

وزیر نے بے وقوف کو بلا بھیجا ۔۔ کچھ دیر بعد بے وقوف کو بادشاہ کے کمرہ خاص میں بھیج دیا گیا بادشاہ کے چند حواری اور وزیر بھی موجود تھے جو بادشاہ کو تسلی دے رہے تھے مگر بادشاہ جانتا تھا کہ میرا آخری وقت آگیا ہے ۔۔۔ 

بادشاہ بے وقوف سے باتیں کرنے لگا ۔۔ بادشاہ نے بے وقوف سے کہا کہ میں اب جارہاہوں ۔۔۔ بے وقوف کہنے لگا کہاں جارہے ہو ۔۔ بادشاہ کہنے لگا جہاں سے واپسی ممکن نہیں ۔۔۔ بے وقوف کہنے لگا اچھا پھر تو تم نے وہاں سب کچھ بھیج دیا ہوگا نوکر چاکراپنی فوج ، جاہ جلال کے ساتھ جہاں تم بادشاہوں کی طرح رہنے لگو گے ۔ اور تمہارے ٹھاٹ باٹھ ایسے ہی ہونگے جس طرح یہاں ہیں ۔۔۔ بادشاہ حیران ہوگیا کہ بے وقوف کیا کہہ رہا ہےوہاں کچھ نہیں لے کر جاسکتا ہر آدمی کو خالی ہاتھ ہی جانا ہے وہاں ۔۔ بے وقوف نے بادشاہ کی بات سن کر اپنے گلے میں پڑا ہوا سونے کا تمغہ اُتارا اور بادشاہ کو دیتے ہوئے کہا کہ پھر اِس کے حقدار مجھ سے زیادہ تم ہو ۔۔ 

اِس کہانی میں ہمارے لئے بہت بڑا سبق ہے کہ جہاں ہم نے ہمیشہ رہنا ہے وہاں کیلئے ہماری تیاری کیسی ہے ۔۔۔ اب آپ خود فیصلہ کریں کہ سب سے بڑا بے وقوف کون نکلا ۔۔۔۔ 

No comments:

Post a Comment